سمت بھارگو
راجوری//تھنہ منڈی سے ممبر اسمبلی مظفر اقبال خان نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کے لئے آئندہ مانسون اجلاس میں بل پیش کرے۔ڈاک بنگلہ راجوری کے ڈاکٹر راج کمار ٹھاپا میموریل کانفرنس ہال میں ایک اجلاس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے مظفر اقبال خان نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی جموں و کشمیر کے عوام کی ایک اہم اور مشترکہ خواہش ہے جس میں ہر شہری کی آواز شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تھنہ منڈی حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں سے لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔ ایم ایل اے نے اس موقع پر اپنی آٹھ ماہ کی کارکردگی بھی عوام کے سامنے رکھی۔انہوں نے کہاکہ ’میری اولین کوشش یہی رہی ہے کہ حلقے میں ترقیاتی عمل کو تیز کیا جائے، خاص طور پر سڑکوں کے شعبے میں جہاں پسماندگی بہت زیادہ ہے، اسی لئے 80 نئے سڑک منصوبے یقینی بنائے گئے ہیں‘‘۔ریاستی درجہ کی بحالی کے حوالے سے خان نے کہا کہ اجلاس میں شریک بیشتر لوگوں نے یہی مطالبہ کیا اور یہ جذبات پورے جموں و کشمیر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’میں حکومت ہند سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ مانسون اجلاس میں ریاستی درجہ بحال کرنے کا بل ضرور لائے، کیونکہ مزید تاخیر ریاست بھر میں عوامی احتجاج کو جنم دے سکتی ہے‘۔