عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا ہے اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہاہے۔ انہوں نے کہا ’’وقت کا تقاضاہے کہ مرکزی حکومت آئینی اور جمہوری اصولوں پر عمل پیر اہوکر سخت گیر پالیسی ترک کرے اور جموںوکشمیر کے عوام کا اعتماد اور بھروسہ بحال کرنے کیلئے حقوق کی بحالی کا عمل شروع کرے‘‘۔موصوف حلقہ انتخاب پلوامہ کے سینئر عہدیداروں ، ڈی ڈی سی ممبران ، بلاک، حلقہ جات اوردیگرذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ کنونشن کا اہتمام ضلع صدر و انچارج کانسچونسی پلوامہ محمد خلیل بند نے کیا تھا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں میں اب تک خالی پڑی لوک سبھا ،راجیہ سبھا اور اسمبلی نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات عمل میں لائے گئے لیکن بدقسمتی سے جموں و کشمیر کی 4خالی راجیہ سبھا نشستوں اور 2اسمبلی نشستوں کے انتخابات کے انعقاد میں لیت و لعل کی پالیسی اختیار کی گئی ہے، جو آئین اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی میں بھی بلاجواز دیر کی جارہی ہے حالانکہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے ریاستی درجہ کی بحالی کا وعدہ پارلیمنٹ کے ایوان میں کیا ہے اور ساتھ ہی سپریم کورٹ میں بھی حکومت نے ریاستی درجہ کی بحالی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی جموںوکشمیر کے عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ہمارا حق ہے اور اس کے علاوہ جموںوکشمیر کے وہ حقوق بھی بحال ہونے چاہئیں جو 5اگست2019کو غیر آئینی اور غیر جمہوری طور پر چھین لئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جموں وکشمیر کا نظام چلانے کا حق صرف اور صرف یہاں کی عوامی نمائندہ حکومت کو ہے اور دوہری حکمرانی کسی بھی صورت میں اس تاریخی ریاست کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیاکہ وہ نیشنل کانفرنس کیخلاف سازشوں کا سلسلہ ختم نہیں ہو ا ہے ، اسلئے ضروری ہے کہ ہم اُن تمام ضمیر فروشوں سے ہوشیار رہیں ، جو اپنے حقیر مفادات کیلئے قوم اور وطن کا سودا کرنے کیلئے تلے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار نے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں لوگوں کے مسائل و مشکلات سُنے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرکے ان کا سدباب کرایا۔ اس موقع پر نائب صوبائی صدر و ایم ایل اے لالچوک احسان پردیسی،پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار اور صوبائی یوتھ صدر مشتاق احمد میر بھی موجو دتھے۔