عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی چیئرمین غلام نبی آزاد نے جمعہ کو جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی پر متحد سیاسی نقطہ نظر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاخیر یہاں ہونے والی غلطیوں کی وجہ سے ہوسکتی ہے۔آزاد نے جموں و کشمیر میں ترقی کی حالت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب مرکزی منصوبے آگے بڑھ رہے تھے، ریاستی سطح کے اقدامات “مکمل طور پر رک گئے”۔آزاد نے نامہ نگاروں کو بتایا “یہاں تک کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ کے فلور پر ریاستی درجہ بحال کرنے کا عہد کیا ہے۔ کچھ غلطیاں ہوتی رہیں جس کی وجہ سے تاخیر ہوتی رہی۔ سب سے پہلے حکومت کے سامنے مطالبہ کیا جانا چاہیے، لیکن لوگ فوراً سڑکوں پر نکل آئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے بات کی جانی چاہیے نہ کہ صرف عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے۔ریاست کا درجہ دینے کے لیے جاری احتجاج اور سیاسی تحریکوں پر بات کرتے ہوئے، آزاد نے زور دے کر کہا کہ جب کہ ہر ایک کو احتجاج کرنے کا حق ہے، اس طرح کے اقدامات سے پہلے مرکزی قیادت کے ساتھ بامعنی بات چیت ہونی چاہیے تھی۔انہوںنے کہا “احتجاج دو طرح کے ہوتے ہیں ، علامتی اور مقصد پر مبنی۔ لیکن سڑکوں پر آنے سے پہلے، سیاسی قیادت کو دہلی کے ساتھ بات کرنی چاہیے تھی۔ ہمیں اس مسئلے پر اتحاد کی ضرورت ہے، ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی نہیں‘‘۔آزاد نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست کی بحالی کے مطالبے پر تمام کمیونٹیز اور خطوں میں وسیع اتفاق رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تصور کی کوئی مخالفت نہیں ہے،چاہے وہ جموں، کشمیر میں ہو یا کسی مذہبی گروہ میں ہو۔نیشنل کانفرنس کی جانب سے ریاستی حیثیت پر خصوصی اجلاس کے حالیہ کال پر آزاد نے اس خیال کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تمام جماعتوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور اس معاملے کو متعصبانہ نظروں سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ہندوستان کے نائب صدر کے طور پر ان کی ممکنہ تقرری کے بارے میں قیاس آرائیوں کے درمیان، آزاد نے ان رپورٹوں کو بے بنیاد قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ محض افواہیں ہیں۔ سنگین آئینی عہدوں پر سڑکوں پر بات نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے بہار میں انتخابی فہرستوں کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) پر سوالوں کے براہ راست جواب دینے سے بھی انکار کیا، یہ کہتے ہوئے کہ یہ مسئلہ زیر بحث ہے اور امکان ہے کہ اسے پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔آزاد نے جموںوکشمیرمیں ترقیاتی کاموں پر بھی تشویش کا اعادہ کیا، یہ کہتے ہوئے کہ جب مرکزی منصوبے آگے بڑھ رہے تھے، ریاستی سطح کے اقدامات “مکمل طور پر رک گئے”۔انکاکہناتھا’’مقامی انتظامیہ کی طرف سے ترقی نہ ہونے کے برابر ہے۔ سڑکوں، پانی اور بجلی کی فراہمی جیسے بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے ذریعے مزدوروں کو آسانی سے کام میں لایا جا سکتا ہے۔ میں نے 15اضلاع کا دورہ کیا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ ایک فٹ پاتھ تک نہیں بنایا جا رہا ہے، اگر حکومت ہے تو زمین پر کچھ نظر کیوں نہیں آ رہا ‘‘۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے سابق لیڈر نے پارلیمنٹ کی کارروائی میں بار بار رکاوٹیں ڈالنے پر بھی تنقید کی۔اپنے دور کو یاد کرتے ہوئے آزاد نے کہا’’میں نے ہمیشہ پارلیمنٹ کے کام کاج کی حمایت کی ہے۔ یہاں تک کہ جب لوک سبھا میں خلل پڑ رہا تھا، میرے دور میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر، راجیہ سبھا اپنی معمول کی کارروائی جاری رکھے گی‘‘۔الیکشن کمیشن کی ساکھ پر سوال اٹھانے والے راہول گاندھی کے حالیہ ریمارکس پر آزاد نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور اسے راہل گاندھی، پولنگ پینل اور حکومت کے درمیان کا معاملہ قرار دیا۔نائب صدر کے عہدے سے جگدیپ دھنکر کے اچانک استعفیٰ دینے کے بارے میں آزاد نے کہا کہ وہ حال ہی میں ان سے ملے تھے اور انہیں یقین ہے کہ یہ فیصلہ صحت کی پریشانیوں کی وجہ سے کیا گیا ہے۔آزاد نے کہا کہ “میں انہیں 40 سے 50 برسوں سے جانتا ہوں، انہوں نے اپنے استعفیٰ کے لیے صحت کی وجوہات بتائی ہیں۔ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ اس کی کوئی اور وجہ تھی یا نہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ان کی صحت صحیح معنوں میں ٹھیک نہ ہو، اور اسی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دیا‘‘۔جموں و کشمیر میں طویل تاخیر سے ہونے والے انتخابات پر زور دیتے ہوئے آزاد نے کہا کہ پنچایتی، میونسپل اور بلدیاتی انتخابات نچلی سطح پر اہم روزگار پیدا کر سکتے ہیں اور ان کا جلد انعقاد ہونا چاہیے۔ڈی پی اے پی کے اندر داخلی پیش رفت پرانہوں نے تسلیم کیا کہ کچھ سابق وزراء اور قانون سازوں نے پارٹیاں تبدیل کیں، اسے ہندوستان کی سیاسی ثقافت کا حصہ قرار دیا، لیکن کہا کہ پارٹی کی نچلی سطح پر حمایت کی بنیاد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔22اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے پر فاروق عبداللہ کی طرف سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے استعفیٰ کے مطالبے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ اس طرح کی کوتاہیاں ہوئی ہیں۔دوسرے لیڈروں کے دور میں بھی ہوئی ہیں۔انکاکہناتھا”وہ اب ان واقعات کو کیوں بھول رہے ہیں‘‘۔