عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے مرکز پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل اور شکایات دور کرنے کیلئے انکے ساتھ بات چیت کرے نیزجموں کشمیرکے ایڈمنسٹریٹو افسران کو اے جی ایم یو ٹی کیڈر سے الگ کرے۔انہوںنے حکومت سے کہا ہے کہ 13 جولائی کو سرکاری طور پر یوم شہدا منایا جائے اور 1931 کے شہدا کو ان کی برسی پر حکومتی سطح پر اعزاز دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اس دن اپنی پارٹی کی قیادت خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے مزار شہدا جائے گی۔ بخاری نے پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ5اگست کو جموں کشمیر کے لوگوں پر وار کیا گیا اور ان کے حقوق چھینے گئے۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی ان حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہمیشہ عوام کے شانہ بہ شانہ ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوںنے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا انہیں یاد دلایا کہ، آپ نے کہا تھا کہ آپ پاکستان سے بات نہیں کریں گے، بلکہ جموں و کشمیر میں اپنے لوگوں سے بات کریں گے،براہ کرم اس وعدے پر عمل کریں، اگر حکومت لیہہ اور کرگل کے لوگوں کے ساتھ ان کے مسائل اور شکایات کو دور کرنے کے لیے بات کر سکتی ہے، تو جموں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کیوں نہیں؟۔انہوں نے مزید کہا، ریاست کا درجہ جموں کشمیر کا حق ہے، اسے بحال کرنا کوئی احسان نہیں ہوگا، مرکز کو چاہیے کہ وہ جموں و کشمیر کو بغیر کسی تاخیر کے ریاست کا درجہ بحال کرے۔ بخاری نے عمر عبداللہ پر زور دیا کہ وہ ڈومیسائل کی اہلیت کے لیے 50 سالہ اقامتی شرط مقرر کریں۔ سیاسی مخالفین کونشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے بخاری نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت ان لوگوں کو سزا دے رہی ہے، جنہوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا یا حکمراں جماعت کا ساتھ نہیں دیا۔اپنی پارٹی سربراہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان کب تک جیلوں میں رہیں گے؟ ،پہلے ہی ایک بڑی تعداد میں لوگ جیلوں میں ہیں، بد قسمتی سے حکومت اس معاملے پر کچھ نہیں بولتی۔ بخاری نے شبیر احمد شاہ اور ڈاکٹر عبدالحمید فیاض کیلئے فوری طبی امداد کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے نظربند یاسین ملک کے لیے فری ٹرائل پر بھی زور دیا۔انہوں نے شہر میں ایک موثر ڈرینیج سسٹم کی تعمیر اور ڈل کے باشندگان کی بازآباد کاری پر بھی زور دیا۔ انہوں نے حکومت سے ہنڈی کرافٹس کے ہنر اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی۔