عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے پارٹی کے سابق کارپورٹروں اور گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ بھارت کے بنیادی نظریے کا دفاع کریں، جو اس وقت بی جے پی اور آر ایس ایس کے مشترکہ حملے کا شکار ہے۔سابق کارپورٹروں اور جمو ں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے سابق امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے پی سی سی کے صدر نے کہا کہ کانگریس کا فلسفہ بھارت کے بنیادی نظریے اور آئین پر مبنی ہے، جو تنوع میں اتحاد پر ایمان رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ بنیادی نظریہ بی جے پی، آر ایس ایس اور دیگر فرقہ وارانہ و تقسیم پسند طاقتوں کے حملے کا شکار ہے، جو بھارت کی یکجہتی کے لئے خطرناک ہیں۔پی سی سی کے صدر نے ایک روزہ اجلاس میں سابق کارپورٹروں اور جے ایم سی کے امیدواروں سے تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پی سی سی صدر نے تنظیمی امور اور پارٹی ڈھانچے کے بارے میں تاثرات لئے اور سابق کارپورٹروں اور امیدواروں سے ان کے خیالات سنے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ہر کارکن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بی جے پی، آر ایس ایس کے جھوٹے پروپیگنڈے کا مقابلہ کرے اور بھارت کے بنیادی نظریے اور سیکولر نظریے کو بچانے کی کوشش کرے، جسے ہمیشہ ہمارے قائدین نے فروغ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کا فلسفہ بھارت کے بنیادی نظریے پر مبنی ہے، جو ہمارے عظیم رہنماؤں جیسے مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، سردار پٹیل، مولانا آزاد اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نظریات سے متاثر ہے۔ انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ ریاستی حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد کو تیز کرنے کے لیے تیار رہیں، جو جموں و کشمیر کے عوام کا حق ہے۔پی سی سی صدر نے کہا کہ پارٹی کے ہر کارکن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو سنیں اور ان مسائل کو پارٹی کی قیادت اور انتظامیہ کے سامنے پیش کریں تاکہ ان کا حل نکل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی اپنی جڑوں کو مضبوط کرنے اور عوام کی خدمت کے لیے ہر سطح پر کام کرے گی۔اس اجلاس میں شامل ہونے والوں میں کانتا بھان، بھانو مہاجن، ستیش شرما، نریندر گپتا، درکا چوہدری، کمل سنگھ جموال، راجندر سنگھ جموال، راجیش شرما، پریتم سنگھ، کل بھوشن شرما، دیوان چند، رشپال بھاردواج، سورندر سنگھ ڈتہ، سوم راج، ہوشیار سنگھ، سنیل کمار، راجیش پال، ششی کمار، پرم جیت سنگھ اور دیگر شامل تھے۔