جموں//چیف سیکرٹری بی آر شرمانے ریاستی باز آبادکاری کونسل سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کونسل کے ساتھ رجسٹر شدہ ملی ٹنسی سے متاثرہ لوگوں بشمول بیوائوں ، یتیموں ، جسمانی طور ناخیز افراد اور بزرگ شہریوں کو ماہانہ مالی معاونت براہ راست ڈی بی ٹی موڑ کے ذریعے حاصل ہو۔جموں میں ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ مستحقین کے بینک کھاتوں کو ریاستی اور مرکزی حکومت کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے ساتھ جوڑنے سے انہیں معمول کے پنشن اور سکالر شِپ کے علاوہ دیگر فوائد بھی حاصل ہوں گے۔ایگزیکٹیو کونسل نے سال 2016-17کی ایکشن پلان کے تحت 7857 ملی ٹنسی متاثرین کے لئے 7.45کروڑ روپے جب کہ مارے گئے ملی ٹنٹوں کے1964 یتیم بچوںکے لئے 1.76کروڑ روپے منظور کئے گئے۔ایگزیکٹیو کونسل نے کونسل کے لئے 101.50لاکھ روپے کے سالانہ بجٹ کو بھی منظور ی دی۔سٹیٹ بازآباد کاری کونسل کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تزئین مختار نے بتایا کہ کونسل نے پچھلے مالی سال کے دوران 208ٹرائی سائیکل خریدے اور ٹرائی سائیکل مستحقین میں تقسیم کرنے کا کام جموں میں مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ کشمیر صوبہ میں یہ کام رواں مہینے کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے بازآبادی کاری کونسل پر زور دیا کہ وہ مزید موٹرائزڈ ٹرائی سائیکل خریدیں تاکہ ریاست میں جسمانی طور ناخیز تمام افراد کو یہ ٹرائی سائیکل مہیا کرائے جاسکیں۔اس سلسلے میں کونسل سے کہا گیا ہے کہ وہ رقومات کی واگذاری سے متعلق منصوبہ سماجی بہبود و بااختیاری اور مرکزی وزراتِ داخلہ کو بھیج د یں۔چیف سیکرٹری نے کونسل سے کہا کہ وہ بیوائوں یا ان کے لواحقین کو ووکیشنل تربیت دینے کے لئے ایک منصوبہ تیارکریں تاکہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں ہنروں کو بڑھاوا دے سکیں۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، کمشنر سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری، مختلف وزارتوں کے نمائندے اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجو تھے۔