سرینگر/پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے فوراً بعد پیپلز کانفرنس صدر سجاد لون کی طرف سے حکومت بنانے کے دعویٰ کے بعد ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے بدھوار شام دیر گئے جموں کشمیر کی اسمبلی کوتحلیل کرکے حکومت سازی کے سبھی امکانات کو ختم کردیا۔
راج بھون ذرائع کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک نے اپنے آئینی اختیارات کا استعمال عمل میں لاتے ہوئے اسمبلی کوتحلیل کرنے کے احکامات صادر کرلئے۔
ریاست میں19جون کو گورنر راج کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا۔ اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی نے پی ڈی پی کی قیادت والی حکومت سے حمایت واپس لیکر اس کو اقلیت میں لایا تھا۔
تاہم ریاست میں گورنر راج نافذ ہونے کے باوجود اسمبلی کو معلق رکھ کر حکومت سازی کے امکانات برقرار تھے۔
اس دوران سجاد لون کی طرف سے حکومت سازی کیلئے مطلوبہ ممبران کی حمایت جٹانے کے بارے میں چہ میگوئیاں جاری تھیں تاہم گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کی غیر متوقع الائنس سے سجاد لون کے حکومت بنانے کے سارے امکانات ختم ہوگئے تھے ۔
جب آج شام محبوبہ اور لون کے تحریری دعوےٰ گورنر کے پاس پہنچے تو اُنہوں نے کسی کی دعویداری قبول کرنے کے بجائے اسمبلی کو ہی تحلیل کردیا۔