نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان باہمی شراکت کو بڑھانے کے مقصد سے 'ایک ہندوستان عظمی ہندوستان ' اسکیم کو نافذ کرنے کے لئے گورنروں پر زور دیا ہے اور ریاستوں کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور کی اپیل کی ۔نریندر مودی منگل کے روز راشٹریہ پتی بھون میں منعقدہ گورنروں کی دو روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی حکومت عام آدمی کی زندگی کی سطح کو بہتر بنانے پرکام کر رہی ہے ، عوامی زندگی میں وسیع تجربہ رکھنے والے گورنروں کو چاہیے کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مقامی سطح پر ایجنسیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ اپنا کام کر سکے ۔ انہوں نے گورنروں سے کہا کہ وہ 'ایک ہندوستان عظیم ہندوستان' کے منصوبہ کو مضبوط بنانے کے لئے بھی کام کریں تاکہ مختلف ریاستوں کے عوام کے درمیان شراکت اور ثقافتی تبادلہ انجام پا سکے ۔ مودی نے اعلی تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لئے ریاستوں کی یونیورسٹیوں کے چانسلر کے بطور اپنا خصوصی کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر گورنر چاہیں تو اعلی تعلیم کے میدان میں بہت بہتر ی لا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس تناظر میں یہ بھی ذکر کیا کہ مرکزی حکومت نے 10 سرکاری اور 10 پرائیویٹ اور تمام ہندوستانی مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کو خود مختار بنانے کا کام شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش اور 2022 میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ کو ہم ملک کی ترقی کے مقاصد کو حاصل کرنے کا ذریعہ بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ کمبھمیلے کا انعقاد قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کے سمت میں کیا جا سکتا ہے ۔ گورنروں کو بھی اس سمت میں کام کرنا چاہئے ۔ یو این آئی