سرینگر//رہمو پلوامہ میںسوموار کو فورسز قہر کے نتیجے میں کئی افراد مضروب ہونے کے علاوہ کروڑوں روپے مالیت کی املاک تباہ ہوئی ہے ۔علاقے میں اس صورتحال پر غم وغصہ پایا جارہا ہے اور دوسرے روز بھی مقامی لوگوں نے فورسز کی زیادیتیوں کیخلاف زوردار احتجاجی مظاہرے کئے ۔سوموار کو پلوامہ کے دیہات روہموہ میںپولیس ،سی آر پی ایف اور آرمی کے مشترکہ آپریشن توڑ پھوڑ میں ایک سابق ڈی ایس پی غلام حسن راتھر کی مارپیٹ کے علاوہ ان کے گھر کی مکمل توڑ پھوڑ کے علاوہ دیگر 24مکانات کو نقصان پہنچایا گیا ۔جن شہریوں کے مکانوں کی بلا تحاشا توڑ پھوڑ کی گئی ہے ان میں غلام نبی لون ،عبدالغنی صالح ،غلام محمد ڈار ،عبدالرحیم ڈار ،محمد اکبر بٹ ،فیاض احمد وانی ،غلام محمد چوپان ،حاجی محمد اشرف شیخ ،ڈاکٹر محمد سلطان ،غلام محمد ڈار ،فاروق احمد وانی ،عبدالاحد جان ،محمد مقبول ،ہلال احمد میر،ثناء اللہ ڈار نمبردار،محمد رمضان ڈار،ماسٹر غلام قادر ،ماسٹر منظور احمد ،غلام محی الدین،عبدالستار کمہار ،عبدالحفیظ کمہار ،عبدالغنی ڈار شامل ہیں ۔گھروں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کے علاوہ فاروق احمد وانی کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گھروں کی توڑ پھوڑ اور مکینوں کی پار پیٹ کے علاوہ پیلٹ گن سے تین کمسن بچیوں سمیت 30افراد کو زخمی کرنے پر وہ سراپا احتجاج ہیں اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی نہ کئے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔