محمد تسکین
بانہال// قصبہ بانہال کے ناگہ بل علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک اکتیس سالہ نوجوان شاکر حسین بٹ ولد محمد حسین بٹ ساکنہ نا گہ بل حال ریلوے سٹیشن بانہال کی ریلوے سٹیشن مسجد میں نماز کی اقامت کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی اچانک موت سے پورا بانہال سکتے میں آگیا ہے ۔ شاکر حسین بٹ پچھلے سات برسوں سے رہبر کھیل تعینات تھے اور سماجی و دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ اس دیندار نوجوان کی رحلت پر ان کے جاننے والے اور بانہال بانہال کا ہر فرد بشر ، سیاسی ، سماجی ، دینی و ملازمین انجمنوں نے اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم شاکر حسین کیلئے اللہ رب العالمین سے مغفرت اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی گئی ہے ۔ ان کی رحلت کی خبر پھیلتے ہی پورے بانہال میں فضا سوگوار ہوگئی ۔قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ شاکر حسین بٹ شوال کے روزے سے تھا اور جمعہ کے روز نماز عسر کیلئے اقامت کی ادائیگی کے دوران گر پڑے اور بیہوشی کی حالت میں شاکر حسین کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا لیکن ہسپتال کے گیٹ پر پہنچتے ہی شاکر حسین داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ شاکر حسین کا نماز جنازہ جمعہ کی دیر رات ساڑھے دس بجے ریلوے سٹیشن بانہال میں ادا کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مرحوم اپنے پیچھے والدین ، اہلیہ ، ایک بیٹی اور دو بھائیوں کو چھوڑ گئے ہیں۔