سرینگر// حریت(ع) چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق جنہیں ریاستی انتظامیہ نے کئی روز تک مسلسل اپنے گھر میں نظر بند رکھنے کے بعد کل رہا کردیا ، نے عشرئہ نجات میں مجالس وعظ و تبلیغ کے سلسلے میں کانل مسجد مہاراج گنج میں نماز عصر سے قبل ایک دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی فیوض و برکات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اور قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے انسانی زندگی کے لئے مکمل ضابطہ حیات کے طور پر اتارا ہے اور قرآن مجید جہاں عبادت کے دائرے میں شرک سے روکتا ہے اور ایک خدا کی عبادت کا حکم دیتا ہے وہاں وہ اخلاق و کردار کے دائرہ میں جھوٹ بولنے، وعدہ خلافی ، خیانت ، بدی ، رشوت ، بغض و حسد اور دوسری برائیوں سے بھی منع کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی کردار سازی میں قرآن مجید کا کوئی مثیل نہیںاور آج جبکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پوری دنیا میں فساد و بگاڑ برپا ہے امن و عدل کا خون کیا جارہا ہے ، کمزوروں پر طاقتوروں کا ظلم جاری ہے ۔ ہر طرف انتشار و افتراق اور ظلم و تشدد کا بازار گرم ہے اورمسلمانوں کے اخلا ق میں گہن لگ چکا ہے اور ان کے کردار میں مختلف قسم کی خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں جس کے نتیجے میں انہیں انتشار اور پراگندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کردار سازی کے ذریعہ ان تمام عوامل کا علاج کیا جائے اور انہیں اس مرض سے نجات دلائی جائے کیونکہ صرف کردار سازی کے ذریعہ ہی موجودہ سماجی انحطاط پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ دریں اثناء ترجمان کے مطابق میرواعظ آج 4 بجے دستگیر صاحب ؒ سرائے بالا سرینگر میں واعظ و تبلیغ فرمائیں گے۔