محمد تسکین
بانہال// بانہال کے دور افتادہ گاؤں پھاگو میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہوگیا ۔ اتوار اور پیر کی نصف رات کو پیش آئی آگ کی اس واردات میں اس مکان میں رہنے والے کم از کم چار کنبوں کے اہل خانہ بچ نکلنے میں ہوئے ہیں تاہم گھر میں موجود زندگی کا تمام سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ۔فائر سروسز بانہال کے ایک سینئر اہلکار افتخار احمد وانی نےبتایا کہ آگ کی اطلاع رات ڈیڑھ بجے موصول ہوئی اور بغیر کوئی وقت ضائع کئے فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکار فائر ٹینڈرز لیکر بانہال سے قریب پانچ کلومیٹر دور پھاگو پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سروسز ، پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں کی ٹیمیں بھی بچاؤ کاروائیوں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ۔اس رہائشی مکان میں علی محمد ، محمد الیاس ، محمد شفیع ، عبد الحمید اور محمود کے کنبے رہائش پذیر تھے ۔