رہائشی علاقوں میں ترسیلی لائنیں بچھانے کا معاملہ

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر//بانڈی پورہ میں بجلی کی ہائی وولٹیج ترسیلی لائنوں کو آبادی والے علاقوں میں بچھانے کے خلاف احتجاج کرنے پر4 نوجوانوںکی گرفتاری کو لیکرزوردار احتجاجی مظاہروں کے دوران بانڈی پورہ سوپور شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حرکت مسدود کردی گئی۔لاوے پورہ اور برزلہ بانڈی پورہ کے رہنے والے مردوزن بدھ کی صبح نو بجے کے قریب گھروں سے باہر آئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی شروع کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ کے سلسلے میں این ایچ پی سی کی طرف سے لاوے پورہ، برزلہ،خیار اور دیگر علاقوں میں ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن ٹاﺅر نصب کئے جارہے ہیں اور ترسیلی لائنیں بچھائی جارہی ہیں۔اس معاملے کو لیکر مقامی لوگوں اور انتظامیہ کے درمیان ٹھن گئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ ٹاور آبادی والے علاقوں اور زرعی اراضی میں لگائے جارہے ہیں جن کے باعث کسی بھی وقت کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے۔ لاوے پورہ اور برزلہ کے لوگ اس منصوبے کی مخالفت کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ٹاﺅر اور لائنیں آبادی والے علاقوں سے دور بچھائی جائیں تاکہ مستقبل میں کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ مظاہرین نے بتایا کہ اس مخالفت کی پاداش میں انتظامیہ کی ہدایت پرگزشتہ رات شبانہ چھاپوں کے دوران4مقامی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جائز تحفظات کا ازالہ کرنے کے بجائے ضلع انتظامیہ گرفتاریوں پر اُتر آئی ہے۔ مظاہرین نے کلوسہ کے نزدیک بانڈی پورہ سوپور شاہراہ پر دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدورفت مسدود کردی جس کے نتیجے میں سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں درماندہ ہوگئیں جن میں اسکولوں کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔اس صورتحال کی وجہ سے مسافروں کو تپتی گرمیوں میں گاڑیوں کے اندر رہ کر سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یہ صورتحال قریب4 گھنٹوں تک جاری رہی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر زبردست ٹریفک جام دیکھنے کو ملا۔بعد میں تحصیلدار اور اے ڈی سی بانڈی پورہ نے مظاہرین کو معاملے کی نسبت ضروری کارروائی کا یقین دلایا اورانہیں پر امن طور منتشر ہونے پر آمادہ کیا۔تاہم معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے کو لیکر مقامی لوگوں اور انتظامیہ کے مابین چپقلش جاری ہے جس کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *