عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//رکن اسمبلی راجوری، افتخار احمد، نے راجوری میں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) کے ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میں صحت کے شعبے خصوصاً گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران، رکن اسمبلی نے مختلف صحت خدمات کی حالت کا جائزہ لیا، جن میں انپیشینٹ اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (IPD، OPD)، بڑی اور چھوٹی سرجریاں، ادارہ جاتی زچگیاں، لیبارٹری ٹیسٹ، الٹرا ساؤنڈ، ایکس رے، ای سی جی، خون کی منتقلی، سی ٹی اسکین، اور موتیا کی سرجریاں خاص طور پر جی ایم سی راجوری میں شامل ہیں۔رکن اسمبلی نے جی ایم سی میں حال ہی میں تعمیر ہونے والی 180 بیڈ والی اضافی عمارت کا جائزہ لیا اور ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کو اس کی صحت کے شعبے کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔عملے کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے انہوں نے سروس کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے اہلکاروں کی متوازن تعیناتی کی تجویز دی۔خود رضاکارانہ خون کے عطیات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، رکن اسمبلی نے صحت کے شعبے کو رمضان کے بعد ڈونگی، ڈھانگری، چوہدری ناڈ اور کوٹ دھڑہ میں خون کے عطیات کے کیمپ لگانے اور عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دی۔انہوں نے جن آوشدی کیندروں کے کام کا بھی جائزہ لیا اور مریضوں کی سہولت کے لئے دستیاب ادویات کی مناسب نمائش کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بنیادی ڈھانچے کے مسائل پر بھی بات کی گئی، جن میں رہائشی ڈاکٹروں کے لئے نئی تعمیر شدہ ہوسٹلز کا حوالہ، ہسپتال کی حدود میں عوامی بیت الخلاء کی تنصیب، اسپتال کی اراضی کی حد بندی، اور سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہیں۔رکن اسمبلی نے ہسپتال آنے والے مریضوں کے ساتھیوں کے لئے رہائشی سہولت فراہم کرنے کیلئے پانچ لاکھ روپے کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا۔بعد ازاں، رکن اسمبلی نے روگی کلیان کمیٹی کا اجلاس بھی چیئر کیا، جس میں انہوں نے پرائمری ہیلتھ سینٹرز (PHCs) کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور افسران کو صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔رکن اسمبلی نے بڈھال واقعہ پر صحت کے شعبے کی فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے حکومت کے صحت کے شعبے کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ محنت اور لگن سے کام کریں تاکہ راجوری کے عوام کے لیے صحت کی سہولتیں بہتر ہو سکیں۔