عظمیٰ نیوزسروس
ادھمپور//ممبر قانون ساز اسمبلی اودھمپور ویسٹ پون کمار گپتا اور ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے نےمشترکہ طور پر ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پنچاری کی طرف سے ساولاکوٹ پاور پروجیکٹ کو سڑک سے جوڑنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈِی سی آفس کمپلیکس کے منی کانفرنس ہال میں منعقدہ میٹنگ میں سول اِنتظامیہ اور این ایچ پی سی کے دیگر اَفسران کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پریم سنگھ نے شرکت کی۔میٹنگ میں مطالبات پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں پروجیکٹ سائٹ سے رابطہ بڑھانے کے لئے پ پنچھیری کی طرف سے رَسائی سڑک کی تعمیر شامل ہے۔ تبادلہ خیال میں این ایچ پی سی کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) فنڈز کو زیادہ سے زیادہ کمیونٹی فوائد کے لئے اِستعمال کرنے کے لئے کام کے دائرہ کار، ٹائم لائنز اور تجاویز کا بھی احاطہ کیا گیا۔ رُکن قانون اسمبلی نے پروجیکٹ سے پیدا ہونے والے ترقیاتی فوائد میں مقامی آبادی کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِس بات کو یقینی بنانے کی وکالت کی کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کمیونٹی کی ضروریات کے مطابق ہو اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے۔ضلعی اِنتظامیہ نے کلیئرنس سے متعلق کسی بھی چیلنج سے نمٹنے سمیت منصوبے پر عمل درآمد کو آسان بنانے میں مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔