روہنی میں زور دار دھماکہ | علاقے میں افراتفری،گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

Towseef
4 Min Read

یو این آئی

نئی دہلی//دہلی کے روہنی سیکٹر14میں سی آر پی ایف اسکول کے قریب اتوار کو ایک زبردست دھماکہ ہوا جس سے آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں افراتفری مچ گئی روہنی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امیت گوئل نے بتایا کہ صبح 7 بجکر 47منٹ پر ہونے والا دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی وجہ سے قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے کچھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے انہوں نے بتایا کہ زوردار دھماکے کے بعد دھویں کے بادل اٹھ گئے جس سے پولیس اور مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ دھماکہ کس وجہ سے ہوا۔ پولیس نے دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے ماہرین کی ٹیم کو واقعہ کی تحقیقات کے لیے بلایا ہے۔این ایس جی کے ساتھ فائر فائٹرز، دہلی پولیس اسپیشل سیل اور ایف ایس ایل کرائم ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور پورے واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ یہ واضح کیا جاسکے کہ یہ حملہ تھا یا حادثہ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے رکاوٹیں لگا کر علاقے کو سیل کر دیا ہے۔

دہلی کا سیکورٹی نظام بے نقاب ہو رہا ہے:آتشی

یو این آئی

نئی دہلی//دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں روہنی میں اسکول کے باہر بم دھماکہ کا واقعہ دہلی کے ٹوٹتے ہوئے سیکورٹی نظام کو بے نقاب کر رہا ہے۔ آتشی نے ’ایکس‘پر کہا’’روہنی میں ایک اسکول کے باہر بم دھماکے کا واقعہ دہلی کے تباہ حال سیکورٹی نظام کو بے نقاب کر رہا ہے، دہلی میں امن و امان کی ذمہ داری بی جے پی کی مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ لیکن بی جے پی یہ کام چھوڑ کر اپنا سارا وقت دہلی کی منتخب حکومت کے کام کو روکنے میں صرف کرتی ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ ’’یہی وجہ ہے کہ آج دہلی کی صورتحال 1990 کی دہائی میں ممبئی انڈر ورلڈ کے دور جیسی ہو گئی ہے۔ شہر میں کھلے عام فائرنگ ہو رہی ہے، غنڈے پیسے بٹور رہے ہیں اور جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہیں‘‘۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ‘بی جے پی کے پاس نہ کام کرنے کی نیت ہے اور نہ ہی صلاحیت۔ اگر غلطی سے بھی دہلی کے لوگ انہیں دہلی حکومت کی ذمہ داری سونپ دیتے ہیں تو وہ اسکولوں، اسپتالوں، بجلی اور پانی کی وہی حالت کر دیں گے جو آج دہلی کی امن و امان کی ہے‘۔قابل ذکر ہے کہ روہنی سیکٹر 14 کے پرشانت وہار علاقے میں واقع سی آر پی ایف سکول کے قریب آج صبح ایک دھماکہ ہوا۔ اس میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Share This Article