نئی دہلی// میانمار کے مظلوم روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف ظلم و تشدد کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔انتہائی قابل رحم حالات سے دوچار روہنگیائی مسلمان در بہ در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ یہ لوگ اپنے ملک سے اپنی جانیں بچا کر پڑوسی ممالک میں پناہ حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن ان کی حالت زار پر ان ممالک کو ذرا بھی رحم کا احساس نہیں ہو رہا ہے اور وہ انہیں ملک کی سا لمیت کے لئے خطرہ بتا کر پھر سے اسی ظلم کا شکار بننے کے لئے انہیں واپس ان کے ملک میانمار بھیج دینا چاہتے ہیں، جس سے بچ کر انہوں نے یہاں پناہ لی ہے۔ لہٰذا ان مظلوم انسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے مطالبے کو لے کر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی کوششوں سے مختلف تنظیموں نے مشترکہ احتجاج کیا اور منڈی ہائوس سے جنتر منتر تک ایک عظیم ریلی کا انعقاد کیا۔ جس میں جامعہ نگر، ملّا کالونی، جعفرآباد، سیلم پور، اگرنگر،ترلوک پوری، سلطان پوری ودہلی کے مختلف علاقوں سے تقریباً ایک ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ جن میں بچے ، نوجوان اور بزرگ سبھی شامل تھے۔اس احتجاجی ریلی میں حکومت میانمار و بدھشٹوں کے ذریعہ روہنگیائی مسلمانوں پر ناقابل بیان ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے میانمار حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ روہنگیا ئی مسلمانوں پر ظلم کرنا بند کرے اور انہیں ملک میں برابر کے حقوق دے۔