نئی دہلی//مرکز نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔ اور انہیں صحت، صفائی، میڈیکل اور تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔وزارت فلاح و بہبودنے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ نو اپریل کے حکم کے مد نظر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے ہریانہ کے میوات اور دہلی کے کالندی کنج میں پناہ گزین کیمپ کا 23 اور 24 اپریل کو دورہ کیا تھا۔ اس ٹیم میں وزارت فلاح و بہبود کے ممبران کے ساتھ وزارت داخلہ کا ایک نمائندہ بھی شامل تھا۔مرکز نے بتایا کہ اس ٹیم نے کیمپوں میں خواتین سے بات چیت کی اور حکومت کے ذریعہ فراہم کرائی گئی میڈیکل اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔مرکز نے عدالت کے حکم کے مطابق ان دو کیمپوں میں روہنگیا پناہ گزینوں کو فراہم کرائی جا رہی سہولیا ت کا جائزہ لیتے ہوئے عدالت عظمیٰ میں ایک حلف نامہ داخل کیا ہے۔عدالت میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ ان کیمپوں میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لئے پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ہے۔ عدالت اس معاملہ میں 11 مئی کو اگلی سماعت کریگی۔