عظمیٰ نیوز سروس
جموں//شیو سینا جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی نے مطالبہ کیا کہ جموں کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔پارٹی ہیڈکوارٹر جموں میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ساہنی نے انتظامیہ کی اس کارروائی کی تعریف کی جس کے تحت مقامی شکایات کے بعد جموں کے ایک علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم روہنگیا افراد کے بجلی اور پانی کے کنکشن منقطع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا جموں و کشمیر کو ایک محفوظ پناہ گاہ سمجھ کر یہاں مستقل سکونت اختیار کر رہے ہیں، جو ریاست کے وسائل پر بوجھ اور اندرونی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔منیش ساہنی نے کہا کہ روہنگیا نہ صرف عوامی وسائل پر قبضہ کر رہے ہیں بلکہ جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں میں بھی ملوث پائے جا رہے ہیں، جس سے جموں کے شہریوں میں تشویش پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی پناہ گزینوں کو تقریباً ایک دہائی قبل سیاسی مفادات اور ووٹ بینک کی سیاست کے تحت بسانے کی کوششیں شروع ہوئیں، جو اب ایک سنگین مسئلے کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔شیو سینا صدر نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ روہنگیا پناہ گزینوں کو فوراً بے دخل کرے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چھنی راما کے رہائشیوں کی طرح متحد ہو کر غیر قانونی پناہ گزینوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور شیو سینا کی اس مہم میں ساتھ دیں تاکہ جموں کو محفوظ اور مستحکم رکھا جا سکے۔