جموں//آل انڈیا ہیومن رائٹس ایسو سی ایشن نے برما کے روہنگیائی شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو انسانیت سوز قرار دیا ہے ۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسو سی ایشن نے بتایا کہ برما کی آبادی میں 60فیصد مسلمان ہیں لیکن 1948سے انہیں مسلسل ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، ان کے حقوق انسانی کو سبو تاژ کیا جارہا ہے ،ا ٓئے روز برما کی فوج اور انتہا پسند ان پر رونگٹے کھڑے کرنے والے مظالم ڈھا رہے ہیں جنہیں دیکھ کر ہر ذی حس انسان کی روح کانپ جاتی ہے ۔روہنگیائی مسلمانوں کو نہ صرف بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے بلکہ ان کی عفت مآب خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے، مکانات کو نذر آتش کرنا اور املاک کی تباہی روز مرہ کا معمول بن کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے حقوق البشر کے تمام علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر روک لگانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے برما کے مہاجرین کو بے دخل کرنے کے منصوبوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اپیل کی کہ مظلوموں کو پناہ دی جائے ۔