گاندربل //گاندربل میں29 ویں روڈ سیفٹی ہفتہ کے تحت سمینار اورمیڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں عوام پر زور دیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ٹاﺅن ہال گاندربل میں ریجنل ٹرانسپورٹ دفتر گاندربل کے اہتمام سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نذیر احمد بابا مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں موجود تھے۔ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون،اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر منظور احمد شیخ،ظہور احمد رنگریز،سہیل قادری سمیت دیگر عملہ کے علاوہ طلاب اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے حکامنے شرکت کی۔ اس موقع پر عوام میں بیداری کے تحت ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ سڑک حادثات پر قابو پایا جاسکے۔ادھر گاڈورہ کے مقام پر محکمہ صحت کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے سینکڑوں افراد کا معائنہ کیا گیا ۔