عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ //ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کی جانب سے شروع کئے گئے روڈ سیفٹی ماہ کی مناسبت سے بس سٹینڈ ٹھاٹھری میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیاگیا ۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈا، ہرویندر سنگھ کی کڑی نگرانی میں، اور اے آر ٹی او ڈوڈہ، راجیش گپتا کی رہنمائی میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد سڑک کی حفاظت اور منشیات کے استعمال کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔اس پروگرام کا مرکزی مقصد عوام بالخصوص ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی کے اہم پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔ ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے، ہیلمٹ پہننے اور منشیات یا شراب نوشی کے زیر اثر گاڑی چلانے سے گریز کرنے پر زور دیا گیا۔ انسپکٹر ایم وی ڈی ڈوڈہ، رابن پریہار نے جاری قومی روڈ سیفٹی مہینے کے مقاصد کے سلسلہ میں شرکاء کو بیدار کیا ۔مقامی حکام، بشمول پولیس افسران اور حکومتی نمائندوں نے، سڑک کی حفاظت کے اقدامات پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اس پروگرام میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ انہوں نے سڑک حادثات کو کم کرنے اور کمیونٹی میں نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق واقعات کو روکنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔