جموں//حکومت کی طرف سے نشہ بندی کو فروغ دئیے جانے کی کوششوں کے خلاف حکمران بی جے پی کے یوتھ ونگ کی قیادت میں زور دار احتجاج کیا گیا ۔ بھارتیہ جنتا یوا مورچہ جموں رورل کی قیادت میں لوئر روپ نگر، ای ڈبلیو ایس کالونی ، جے ڈی فیلٹس کے متصل بنی ہوئی دکانوں میں میخانہ کھولے جانے کے خلاف لوگوں نے شدید مظاہرہ کیا، وہ اس دکان کی الاٹمنٹ رد کئے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بھاری تعداد میں لوگ،جن میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی لوئر روپ نگر میں کھولی گئی اس دکان کے قریب جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے اس شراب کی دکان کو بند کروانے یا کم از کم منتقل کرنے کا مطالبہ کر نے لگے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے صدر سریش کھجوریہ، سبھاش ، راجیو وغیرہ نے کہا کہ اس علاقہ میں شراب کی دکان کھلنے سے نوجوانوں میں میکشی کا چلن مزید بڑھے گا اور سماجی ماحول کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی دکان کھولنے کی مخالفت میں انہوں نے مقامی لیڈروں اور افسروں کو پہلے ہی مطلع کر دیا تھا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کے بعد وہ سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر فوری طور پر اس دکان کو یہاں سے بند نہیں کروایا گیا تو وہ سڑکوں پر اتر آئیں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام کی ہوگی ۔