یو این آئی
میونخ/پرتگال نے اسپین کو شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر یو ای ایف اے نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی وہ دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔میونخ فٹبال ایرینا میں اتوار کی شب کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ اضافی وقت کے بعد 2-2 گول سے برابر رہنے کے بعد پرتگال نے اسپین کو شوٹ آؤٹ میں 5-3 سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ کا آٹھواں گول کیا اور نیشنز لیگ کے فائنل میں گول کرنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے ۔ پہلے ہاف میں اسپین کی جانب سے مارٹن زوبیمینڈی نے 21ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ پانچ منٹ بعد پرتگال کے نونو مینڈس نے اپنا پہلا بین الاقوامی گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ اس کے بعد میکل اویرجربال نے پیڈری کے پاس کو گول میں تبدیل کر کے اسپین کو 2-1 کی برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں رونالڈو نے میچ کے 61ویں منٹ میں گول کر کے پرتگال کو 2-2 سے برابر کر دیا۔ یہ رونالڈو کا 938 واں گول تھا۔ اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔اسکور برابر رہنے کے بعد ہونے والے شوٹ آؤٹ میں پرتگال نے پانچ اور اسپین نے تین گول کئے ۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پرتگال کی جانب سے پہلا گول گونکالو راموس نے کیا، دوسرا گول ویٹینا نے کیا۔ برونو فرنینڈس نے تیسرا گول کیا۔ چوتھا گول نونو مینڈس کے حصہ میں آیا۔ پرتگال کی جانب سے روبن نیوس نے پانچواں گول کر کے اپنی ٹیم کو 5-3 سے فتح دلائی۔ اسپین کی جانب سے میرینو، ایلکس بینا اور اسکو نے گول کئے ۔