میڈرڈ/ ریال میڈرڈ کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور بارسیلونا کے لوئس سواریز نے چمپئن لیگ کے اپنے اپنے میچوں میں شاندار گول کرکے تنقید کرنے والوں کے منہہ بند کراتے ہوئے سیشن کا بہترین آغاز کیا ہے ۔رونالڈو نے یہاں گیٹافے کے خلاف 85 ویں منٹ میں فتح کا گول کرتے ہوئے ریال میڈرڈ کو 2۔1 سے جیت دلائی۔ پرتگال کے فٹبالر کا یہ سیشن میں پہلا لیگ گول بھی ہے ۔ میچ میں ریفری کو دھکا دینے کے الزام میں معطلی کے سبب رونالڈو گزشتہ چار میچوں سے باہر رہے تھے ۔
شروعات میں وہ گیٹافے کے خلاف میچ میں فعال نظر نہیں آئے اور انہوں نے آسان گول کا موقع گنوا دیا۔ حالانکہ میچ کے آخری لمحے میں انہوں نے اپنا جادو دکھایا اور متبادل کھلاڑی اِسکو کے پاس پر گیٹافے کے گول کیپر ویسنٹ گوائیٹا کو چکمہ دیتے ہوئے گول داغ دیا جبکہ پہلے ہاف میں 32 سالہ کھلاڑی کو ویسینٹ نے گول سے روک دیا تھا۔ریال کے کوچ زین الدین زیدان نے صحافیوں سے کہا کہ رونالڈو کے لئے سیشن کا اپنا پہلا گول بہت ضروری تھا۔ جس طرح اِسکو نے ان کی مدد کی اس سے میں بہت خوش ہوں۔اس دوران بارسیلونا کے لئے سواریز نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف میچ میں برابری کا گول کرکے اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا۔ یہ میچ 1۔1 سے ڈرا پر ختم ہوا۔ اروگوے کے فٹبالر نے اپنے اس گول کا جم کر جشن منایا اور گول کے پیچھے جاکر اسٹینڈ میں بیٹھے شائقین کا بھی مذاق بنایا جو کچھ وقت پہلے تک سواریز پر ان کی ناکامی کے لئے تنقید کررہے تھے ۔اس سیشن میں اپنی کارکردگی کے لئے سواریز کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ سبھی مقابلوں میں انہوں نے پچھلے آٹھ میچوں میں صرف دو ہی گول کئے ہیں۔ گھٹنے کی چوٹ کے بعد اروگوے کو ورلڈ لیگ میں کوالیفی کیشن دلانے کے لئے سواریز اپنی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کے لئے فوراً دستیاب ہوگئے تھے ۔ لیکن اس سے ان کی کارکردگی پر کافی اثر پڑا۔اس سے قبل لاس پلماس کے خلاف میچ میں سواریز اپنی ٹی شرٹ پھاڑکر میدان سے باہر چلے گئے تھے ۔ اس میچ میں ٹیم نے 3۔0 سے جیت حاصل کی تھی۔ حالانکہ اگلے برس روس میں ہونے والے عالمی کپ کوالیفائر کے لئے بولیویا کے خلاف میچ میں انہوں نے اروگوے کی جانب سے دو گول کرکے جیت دلائی تھی۔بارسیلونا کے کوچ ارنیسٹو والوردے نے کہا کہ سواریز نے بہترین گول کیا لیکن اسٹرائکر اسکور کرنے کے لئے ہی ہوتے ہیں اور اس سے ان کی خوداعتمادی میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے پنالٹی ایریا میں اچھا کھیل دکھایا اور امید ہے کہ وہ اسے جاری رکھیں گے ۔یو این آئی