عظمی نیوز سروس
راجوری // فوج کی انسداد بغاوت فورس ،جو راشٹریہ رائفلز کا حصہ ہے، نے خطے کی سماجی، معاشی اور حفاظتی صورتحال میں گوجر اور بکروال برادری کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان سے جْڑے اپنے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔فوجی حکام کے مطابق، رومیو فورس نے اس قبائلی برادری کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لئے کئی فلاحی اقدامات کئے ہیں، جن کا مثبت اثر دیکھنے میں آیا ہے۔ ان اقدامات میں سب سے اہم طبی مشوروں تک رسائی کو ممکن بنانا شامل ہے۔رومیو فورس نے نہ صرف انسانی صحت بلکہ ان مویشیوں اور بھیڑوں کے لئے بھی طبی کیمپ منعقد کئے ہیں جو گوجر بکروال برادری کے معاش کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ حکام کے مطابق، فوج کے ڈاکٹرز اور نرسنگ اسسٹنٹس دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں جا کر ان کے موبائل ڈیروں تک پہنچتے ہیں اور طبی امداد ان کی دہلیز پر فراہم کرتے ہیں۔نوجوانوں کی خود روزگاری کو فروغ دینے کے لئے ’نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ سرٹیفیکیشن پروگرام‘ کے تحت ویلڈنگ، پلمبنگ، موبائل مرمت، اور آئی ٹی ہارڈویئر کی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔رومیو فورس نے حالیہ دنوں میں نقل مکانی کرنے والے گوجر بکروال افراد کو کمبل، دری اور سلیپنگ بیگ بھی فراہم کیے ہیں، اور یقین دہانی کرائی ہے کہ اونچائی والے علاقوں میں ہجرت کے دوران درکار کسی بھی قسم کی مدد فراہم کی جائے گی۔تعلیمی شعبے میں بھی فورس سرگرم ہے۔ بچوں کے لئے موبائل اسکولوں کو درسی مواد اور تربیت یافتہ اساتذہ فراہم کئے جا رہے ہیں، جو ان کے موسمی ڈیرے (مکان) تک جا کر تعلیم دیتے ہیں۔ ساتھ ہی، سینک اسکولز اور آرمی پبلک اسکولز میں داخلے کے لیے کوچنگ کلاسز بھی منعقد کی گئی ہیں۔رومیو فورس نے گوجر بکروال برادری کے لئے اہم گزرگاہوں پر کمیونٹی ہالز بھی تعمیر کئے ہیں، جو عارضی اسکولوں اور آرام گاہوں کے طور پر کام آ رہے ہیں۔فوج کی جانب سے سالانہ ’بنج میلہ‘ اور ’انس ریور ویلی فیسٹیول‘ جیسے تہوار بھی منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں کھیل، ادبی و تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔