عظمیٰ نیوز سروس
بخارسٹ//رومانیہ میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں یورپی یونین کے حامی امیدوار نکوسرڈین کامیاب ہوگئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رومانیہ کے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج میں لبرل، یورپی یونین حمایت یافتہ امیدوار اور بخارسٹ کے میئر نکوسرڈین کامیاب ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق صدارتی انتخابات میں امریکی صدر ٹرمپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوارجارج سیمیون کو شکست ہوئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیمیون نے ابتدا میں انتخابی نتائج مسترد کردیے تھے تاہم بعد میں شکست قبول کر تے ہوئے کامیاب امیدوار نکوسرڈین کو مبارکباد دی۔مسٹر ڈین کو 54.17 فیصد ووٹ ملے ، جب کہ الائنس فار رومانین یونین (اے یو آر) کے رہنما سیمون کو 45.83 فیصد ووٹ ملے ۔ تقریباً تمام بیلٹس کی گنتی ہو چکی ہے ۔غور طلب ہے کہ اس ووٹنگ مہم میں بے ضابطگیوں اور غیر ملکی مداخلت کے الزامات کی وجہ سے سال 2024 کے نتائج منسوخ ہونے کے بعد دوبارہ چلائی گئی۔مسٹر ڈین (55) نے یورپی یونین کی حمایت میں الیکشن لڑا تھا۔ انہوں نے امن و امان کی اصلاحات کو مضبوط کرنے ، یوکرین کے لیے فوجی اور سفارتی حمایت کو برقرار رکھنے اور مغرب کے ساتھ رومانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ جب کہ 38 سالہ شمعون نے 4 مئی کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 40.96 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے اور مسٹر ڈین کو 20.99 فیصد ووٹ ملے تھے ۔ ان کی مہم میں ‘رومانیہ فرسٹ’ کے پیغام پر زور دیا گیا، جس میں ٹیکسوں میں کمی، یورپی یونین کی کم ذمہ داریوں اور یوکرین کے لیے فوجی امداد واپس لینے کی تجویز تھی۔اے ای پی کے اعداد و شمار کے مطابق صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اتوار کی رات 9 بجے تک، 1 کروڑ 16 لاکھ 4 ہزار ووٹرز، یا ووٹر لسٹ میں شامل افراد میں سے 64.72 فیصد، جس میں تارکین وطن کمیونٹی کے 16 لاکھ سے زیادہ ووٹرز شامل تھے۔