عظمیٰ نیوز سروس
واشنگٹن// مختلف ممالک کے درمیان ہونے والی جنگیں رکوانے کے دعویدار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ بندی کرانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔واشنگٹن میں آذربائیجان اور آرمینیا کے سربراہان کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے روس یوکرین جنگ بندی سے متعلق بھی بات چیت کی۔ ٹرمپ اور روسی صدر پوتن آئندہ جمعے کو امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے ۔اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ‘بطور امریکی صدر میرے اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان انتہائی اہم ملاقات اگلے جمعہ 15 اگست 2025 الاسکا میں ہوگی جس کی مزید تفصیلات جلد ہی سامنے آئیں گی۔’دوسری جانب امریکہ اور روس کے رہنماؤں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اگلے جمعے کو امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے تاکہ روس کی یوکرین کے خلاف جنگ پر بات چیت کی جاسکے ۔دوسری جانب صدر ٹرمپ اور پوتن کی الاسکا میں ملاقات کے اعلان کے سامنے کے بعد روس نے امریکی صدر ماسکو آنے کی دعوت بھی دے دی ہے ۔کریملن کے بیان کے مطابق وہ امریکی صدر کو روس آنے کی دعوت دینے کے لیے بھی تیار ہیں، پوتن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق اگلا سربراہی اجلاس ماسکو میں ہو سکتا ہے اور یہ دعوت پہلے ہی دے دی گئی ہے تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے اب پر ردعمل نہیں دیا گیا۔یاد رہے کہ روس کا دورہ کرنے والے آخری امریکی صدر باراک اوباما تھے جنھوں نے 2013 میں سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ جی-20 اجلاس میں شرکت کی تھی۔واضح رہے کہ ٹرمپ کا روسی صدر سے ملاقات کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ، جب انہوں نے پیوٹن کو امن قائم کرنے یا سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے ۔