عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نےروس کے جمہوریہ کالمیکیا کے سربراہ عالی جناب باتو سرگئیویچ خاسیکوف سے ملاقات کی اور ثقافتی و روحانی تعلقات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے عالی جناب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لارڈ بدھ کے مقدس آثار کی عظیم الشان زیارت کو ممکن بنایا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ اس سرزمین پر مقدس آثار کی زیارت بھی اس بات کی گواہی ہے کہ ہندوستان اور روس کے درمیان کئی دہائیوں سے دیرپا تعلقات ہیں ۔ ہندوستان اور روس 2027میں سفارتی تعلقات کے 80سال مکمل کریں گے اور ہم ہندوستان میں اس اہم سنگ میل کو مختلف دو طرفہ تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے منانے کے منتظر ہیں ‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی بتایا کہ اپریل 2026میں کالمیکیا میں ایک ہندوستان فیسٹیول منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس تقریب کو شاندار کامیابی بنانے کیلئے اپنی پوری کوشش کرے گا ۔