یواین آئی
کیف// یوکرینی فضائیہ نے اتوار کو بتایا کہ روس نے رات بھر جاری حملے میں 805 ڈرون اور 13 میزائل یوکرین پر داغے۔روس کی جانب سے یوکرین پر حملے میں اہم سرکاری عمارت کو پہلی بار نشانہ بنانے کے دوران ماں اور بچے سمیت کم از کم 5 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے شہریوں سے پناہ گاہوں میں رہنے کی اپیل کی اور خبردار کیا ہے کہ روس جان بوجھ کر شہری سہولیات کو نشانہ بنا رہا ہے۔دوسری جانب کیف کے میئر ویتالئی کلیچکو نے وسطی پیچرِسکی ضلع میں ایک سرکاری عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ آگ غالباً روسی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد لگی۔روس نے ان حملوں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم اس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی فورسز نے مختلف روسی علاقوں میں یوکرین کے 69 ڈرونز کو مار گرایا یا روک دیا۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کا کہنا ہے کہ حملوں میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے، 7 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا، دیگر کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔کلیچکو نے بتایا کہ شہر میں اب تک دو ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں ایک خاتون اور اس کا دو ماہ کا بیٹا شامل ہیں، تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے رات کے حملے میں 805 ڈرون اور 13 میزائل داغے، ان میں سے 751 کو مار گرایا گیا۔علاقائی انتظامیہ کے سربراہ ایوان فیدوروف نے بتایا کہ یوکرین کے دیگر علاقوں میں گزشتہ شام زاپوریزہیا شہر پر روسی حملے میں 17 افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ 16 رہائشی بلاکس، 12 مکانات، ایک کنڈرگارٹن اور کارخانے کو نقصان پہنچا ہے۔ایوان فیدوروف نے کہا کہ شہر سے باہر نووپاولیووکا گاؤں پر روسی گلائیڈ بم حملے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی جب کہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے، جس کی لاش ڈھونڈنے کی کوششیں جاری ہیں۔بی بی سی کے مطابق یوکرین کی وزیرِاعظم یولیا سوریڈینکو نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ روس کے حملے میں کیف میں کابینہ کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ اس عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔فیس بک پر یوکرین کی وزیرِاعظم یولیا سویریڈینکو نے لکھا کہ پہلی بار سرکاری عمارت، اس کی چھت اور بالائی منزلیں دشمن کے حملے کے باعث متاثر ہوئی ہیں، ریسکیو اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔کیف کے میئر ویتالِی کلیچکو نے کہا کہ سرکاری عمارت مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ کی لپیٹ میں آ گئی تھی۔کلیچکو نے ’ٹیلی گرام‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ عمارت مرکزی پیچرسکی ضلع میں واقع تھی، فائر فائٹرز اب بھی موقع پر کام کر رہے ہیں۔دارالحکومت کے دیگر حصوں میں ایک گودام، 16 منزلہ رہائشی عمارت اور ایک 4 منزلہ عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔