روزہ مرہ کی ہڑتالوں اور بندشوں سے مالی عدم استحکام:خورشید عالم

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر// پائین شہر میں روزمرہ کے ہڑتالوں،کرفیو اور بندشوں کی وجہ سے مالی عدم استحکام پیدا ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر اور قانون ساز کونسل کے ممبر محمد خورشید عالم نے شہر خاص کو مالی طور پر پسماندہ علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔سرینگر کے نائو پورہ خانیار میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پائین شہر غربت،افلاس اور پسماندگی کا شکار ہوا ہے،جس کی وجہ سے کاریگروں اور دکانداروں کی مالی بد حالی گزشتہ25برسوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مرکزی و ریاستی اسکیموں اور بینک کاری کی معاونت کی سہولیات سے پائین شہر کے عوام،کاری گر طبقہ،محنت کش اور دکاندار مستفید ہوسکتے ہیں۔انہوںنے اس بات کی امید کی کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اس مطالبے کو زیر غور لائے گی اور شہر خاص کا ہر طبقہ فکر اس کی حمایت کرئے گا۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو بھی متحرک ہوکر عوامی خدمات میں پیش پیش رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار کے خلاف مختلف سطحوں پر سازشیں رچائی جا رہی ہے،جس کا توڑ کرنے کیلئے کارکن حکومت کی کار کردگی کو عوامی سطح پر پہنچانے میں اپنا رول ادا کریں۔اجلاس سے زونل صدر محمد شفیع کندنگر نے بھی خطاب کیا جبکہ جلسہ میں پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری قاضی محمد افضل،ریاستی سیکریٹری عبدالحمید کوشین،ڈاکٹر علی محمد،اعجاز احمد راتھر اور یوتھ لیڈر ماجد خان سمیت دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *