عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ1لاکھ سے زیادہ نئے بھرتی ہونے والوں میںتقرری خط تقسیم کئے۔ انٹیگریٹڈ کمپلیکس کے فیز I کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 1 لاکھ سے زائد بھرتی ہونے والوں کو تقرری کے خطوط دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ہند میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ ملازمت کے نوٹیفکیشن اور تقرری کے خطوط کی تقسیم کے درمیان طویل عرصہ گزرنے سے رشوت ستانی میں اضافہ ہوا، وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھرتی کے عمل کو مقررہ مدت کے تحت مکمل کرتے ہوئے پورے عمل کو شفاف بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع میسر آئے ہیں، “آج، ہر نوجوان کا ماننا ہے کہ وہ محنت اور مہارت سے اپنی ملازمت کی پوزیشن کو مستحکم کر سکتے ہیں”۔
مودی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں شراکت دار بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 10 سالوں میں گزشتہ حکومتوں کے مقابلے میں 1.5 گنا زیادہ نوجوانوں کو نوکریاں دی ہیں۔ وزیر اعظم نے بجٹ میں 1 کروڑ روف ٹاپ سولر پلانٹس کے اعلان کا ذکر کیا جس سے خاندانوں کے بجلی کے بل میں کمی آئے گی، اور وہ گرڈ کو بجلی فراہم کر کے پیسے کما سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے لاکھوں نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان تقریباً 1.25 لاکھ اسٹارٹ اپس کے ساتھ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ہے، مودی نے خوشی کا اظہار کیا کہ ان میں سے بہت سے اسٹارٹ اپ 2 یا 3 ٹائرشہروں سے ہیں۔ چونکہ یہ سٹارٹ اپ روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں، تازہ ترین بجٹ میں سٹارٹ اپس کے لیے ٹیکس چھوٹ کو جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ایک لاکھ کروڑ کے فنڈ کا بھی ذکر کیا جس کا بجٹ میں تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب سفر کی بات آتی ہے تو ریلوے عام لوگوں کی پہلی پسند ہے۔ مودی نے اس حقیقت کی طرف توجہ مبذول کروائی کہ ہندوستان میں ریلوے ایک بڑے پیمانے پر تبدیلی سے گزر رہا ہے اور یہ سیکٹر اگلی دہائی میں مکمل تبدیلی کا مشاہدہ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وندے بھارت ایکسپریس جیسی 40,000 جدید بوگیاں تیار کی جائیں گی اور انہیں اس سال کے بجٹ کے تحت عام ٹرینوں میں شامل کیا جائے گا، اس طرح مسافروں کی سہولت اور راحت میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے 11 لاکھ کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ریل، سڑک، ہوائی اڈے، اور آبی گزرگاہوں کے منصوبے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ملک بھر میں 47 مقامات پر روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا۔