سرینگر// چھان پورہ روز لین کالونی(J)کے لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پر الزام عائدکیا ہے کہ محکمہ قلیل آبادی کو فائدہ پہنچانے کیلئے وسیع آبادی کو پانی سے محروم کر رہا ہے جس کے نتیجے میں وہ سخت پریشان ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اگرچہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ قائم کیا لیکن کوئی بھی سنجیدہ اقدمات نہیں کئے جا رہے ہیں۔چھان پورہ روز لین کالونی(J)کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کے آفس پر آکر بتایا کہ دو سال قبل کالونی (جے) کو پانی فراہم کرنے کیلئے ایک منصوبہ بنایاگیا اور آج اگرچہ اس سکیم کے تحت پانی دینے کی غرص سے پائپ بچھائے جا رہے ہیں تاہم یہ پائپیں جے کالونی سے منتقل کر کے (ایم) کالونی کی طرف بچھائی جا رہی ہیں ۔وفد نے کہا کہ (جے) کالونی میں 40گھرانے آباد ہیں جبکہ (ایم ) کالونی میں 6گھرانے ہیں اور اس طرح وسیع آبادی کو نظر انداز کر کے قیل آبادی کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے ۔وفد نے کہا کہ وہ کسی کو پانی روکنے کے حق میں نہیں ہیں تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ پانی کے پائپ پوری کالونی میں نصب کئے جائیں تاکہ لوگوں کو اس کا فائدہ مل سکے ۔وفد نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں کئی مرتبہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے رابطہ قائم کیا لیکن اس حوالے سے ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے ۔وفد نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی کالونی میں بھی پانی کی پائپیں بچھائی جائیں تاکہ ان کو بھی فائدہ مل سکے ۔اس حوالے سے ایگزن پی ایچ ای افروز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وفد ہمارے پاس بھی آیا تھا اور اب ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ ہم بیچ میں سے ہی اس کالونی کو انٹر کنکشن دیں گے تاکہ انہیں بھی فائدہ مل سکے ۔انہوںنے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہوتی ہے کہ جہاں پانی نہیں ہے وہاں پانی پہنچایا جائے ۔