سرینگر /پرویز احمد/نیشنل ہیلتھ مشن ، آر این ٹی سی پی اور نیشنل ایڈس کنٹرول آرگنائزیشن سے وابستہ ملازمین نے وزیر صحت بھالی بھگت کے ساتھ تیسرے دور کی بات چیت کے بعد ہڑتال5فروری تک موخر کردی ۔ سوموار کو جموں میں وزیر صحت بھالی بھگت اور وزیر مملکت برائے صحت آسیہ نقاش اور دیگر علیٰ افسران اور مرکزی معاونت والی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کے نمائندوںکے درمیان تین گھنٹوں تک بات چیت کے دوران نیشنل ہیلتھ مشن اور دیگر مرکزی ومعانت والی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، خواتین کے حق میں مٹرنٹی لیو اور ڈیوٹی کے دوران مرنے والے ملازم کے گھر والوں کو ایس آر او 43کے فوائدے بھی حکومت نے تسلیم کر لئے ہیں۔ ہیلتھ مشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ترجمان اعلیٰ عبدالروف نے بتایا ’’ وزیر صحت کے ساتھ میٹنگ مثبت رہی اورریاستی سرکار نے ہماری تمام مانگوں کو اصولی طور پر تسلیم کرلیا ہے‘‘۔ عبدالروف نے بتایا’’ ریاستی سرکار نے مرکزی معائونت والی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی، تنخواہوں میں اضافہ،خواتین کو مٹرنٹی لیو،ڈیوٹی کے دوران فوت ہونے والے ملازم کے گھروالوں کیلئے ایس آر او 43کے فوائد دینے کی حامی بھر لی ہے۔ عبدالروف نے بتایا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل اور دیگر معاملات کے احکامات صادر کرنے میں چند دنوں تک کا وقت لگ سکتا ہے اور اسلئے نیشنل ہیلتھ ایمپلائز نے اپنی ہڑتال 5فروری تک معطل کردی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ملازمین20دسمبر 2017 سے ہڑتال پر تھے۔