جموں/ /چیف سیکرٹری بی بی وِیاس کی صدارت میں جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں نبارڈ کے رورل انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔پروجیکٹ کے تحت انتظامی سیکرٹریوں کو 2017-18ء میں 420کروڑ روپے کی منظوری اور واگزار کرنے پر سراہنا کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ دیہی بنیادی ڈھانچوں کے فروغ میں یہ پروجیکٹ کافی معاون ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018-19ء کے لئے حکومت 600کروڑ روپے منظور کرانے کی متمنی ہے ۔ انہوں نے انتظامی سیکرٹریوں کو آبپاشی شعبے پر توجہ دینے اور اپریل کے مہینے میں متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ ورکشاپ منعقد کرانے کے احکامات صادر کئے ۔ انہوں نے پروجیکٹ کے دائرے میںمزید دیہات کو لانے کے لئے ایکشن پلان مرتب کرنے اور کنورجنس موڑ کے تحت مختلف پروجیکٹوں کو ہاتھ میں لینے کے احکامات دئیے ۔انہوںنے انتظامی سیکرٹریوں کو لگاتار بنیادوں پر پروجیکٹوں کی تکمیل سے متعلق سر ٹیفکیٹ داخل کرنے کے احکامات دئیے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، پشو و بھیڑ پالن محکمہ کی کمشنر سیکرٹری ، تعمیرات عامہ کے کمشنر سیکرٹری ،صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرو ل کے سیکرٹری ، باغبانی کے سیکرٹری ، چیف جنرل منیجر نبارڈ و دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔