جموں// بھارت۔ پاک سرحد کے نزدیک رام گڑھ تحصیل میںچملیال کے علاقہ میںسالانہ بابا چملیال میلہ نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیاجس میں سرحد کے آر پار سے آئے ہوئے سینکڑوں عقیدتمندوں نے شرکت کی اور بابا دلیپ سنگھ منہاس جن کو عرف عام میں بابا چملیال کے نام سے جانا جاتا ہے، کے مزار پر حاضری دی۔31رکنی پاکستانی ٹیم میں رینجرز کے علاوہ معزز شہری اور میڈیا کے افراد شامل تھے جن کی قیادت برگیڈئر امجد حسین کر رہے تھے۔ ہندوستانی وف کی قیادت بی ایس ایف کے ڈی آئی جی پی ایس دھیمان نے کی جب کہ ڈی سی سانبہ شیتل نندہ نے زیرو لائن پر پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ پاکستان رینجرزنے بی ایس ایف کے ساتھ فلیگ میٹنگ کی اور بابا کے مزار کے لئے چادر پیش کی۔ اس میٹنگ کے دوران ایک دوسرے کوچملیال میلہ کے موقع پر مبارک باد پیش کی گئی۔ بی ایس ایف نے رینجرز کو باباکے مزار سے شربت اور شکر کا تحفہ دیا۔ اس موقعہ پر صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، صحت عامہ کے وزیر شام لال چودھری ممبران پارلیمنٹ جگل کشو شرما اور شمشیر سنگھ منہاس نے آج یہاں حاضری دے کرباباکو شاندرا خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈی آئی جی بی ایس ایف جموں سیکٹر پرشوتم سنگھ بھمن، ضلع ترقیاتی کمشنر شیتل نندہ، ایس ایس پی انل منگوترہ، 62 ویں بٹالین کے کمانڈنگ افسر ایل ایم شرما اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔مقررین نے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ریاست میں پائیدار امن اور بھائی چارے کے لئے دُعا کی۔انہوں نے کہا کہ یہ سالانہ میلہ مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے بیچ بھائی چارے کی ایک مثال ہے۔صحت عامہ کے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست میں روائتی اقدار کو برقرار رکھنے اور ہیری ٹیج و کلچر ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ضلع انتظامیہ نے میلہ کیلئے وسیع انتظامات کئے تھے ۔ اس موقعہ پر کئی دیگر محکموں نے بھی مختلف پراگراموں کا انعقاد کیا تھا ۔