سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران امید اور حمایت نامی روزگار سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاست کے 22اضلاع کے 46بلاکوں میں امید سکیم عملائی جارہی ہے ۔ اس سکیم کے تحت ریاست میں 9لاکھ دیہی کنبوں کو 755کروڑ روپے کی مالی مالیت دی جارہی ہے۔سال 2017-18کے دوران اب تک 788سیلف ہیلپ گروپ قائم کئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹر ی نے کہا کہ اقتصادی منظرنامے کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم رول ادا کرتی ہیں لہذا سیلف ہیلپ گروپ ان کے معیاری زندگی میں بہتری لائی جائے گی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ امید پروگرام کے تحت 1601 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور آئندہ تین برسوں کے دوران 1لاکھ 24ہزار بے روزگار نوجوانوں کو تربیت دی جائیگی۔دیہی ترقی کی مرکزی وزارت نے پہلے ہی ریاست کے 9200نوجوانوں کو تربیت دینے کے لئے کئی معروف کمپنیاں منظور کی ہیںاور 467امید واروں کو تربیت دینے کا عمل جولائی 2017کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ریاست کے نوجوان کافی صلاحیتوں سے مالا مال ہے اور سکل و کار خانہ داری کے پروگراموں سے ان کی صلاحیتوں کو ایک نئی سمت دی جاسکتی ہے۔