سرینگر //سرینگر ضلع میں رواںسال آگ کی وارداتوں میں 2433.00لاکھ روپے کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے عہدیدان کے مطابق سرینگر شہر میں رواں سال سب سے زیادہ آگ کی وارداتیں رونما ہوئی ہیں ۔محکمہ کے مطابق سرینگر ضلع سے انہیں رواں سال کے اکتوبر تک 349فون کالز موصول ہوئیں جس میں 336فون کالز آگ لگنے کے متعلق تھیں اور 4کالز ریسکو کیلئے تھیں جبکہ 9کالز فالز تھی ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال آگ کی وجہ سے 291ڈھانچے آگ سے متاثر ہوئے جس میں 50 دکانیں، 16شاپنگ مال ، 18گاڑیاں ، 25ٹرانسفامر شامل ہیں ۔محکمہ کے مطابق ان وارداتوں میں 5جانیں تلف ہوئی ہیں جبکہ 12افراد زخمی ہوئے ہیں ۔محکمہ کے مطابق آگ کی ان وارداتوں میں 58617.90لاکھ کی املاک زد میں آئی جس میں سے 2433.00کو نقصان پہنچا اور56184.90کو بچا لیا گیا ۔محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ خشک موسم میں آگ لگنے کی وارداتیں بڑھ جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں عملے کی قلت کے باوجود بھی سرینگر میں گنی بستیوں کو بچایا جاتا ہے ۔