سرینگر//سانحہ ہندوراہ اور کپوارہ کی برسی پرعوامی اتحاد پارٹی کے منعقد کردہ ایک سادہ مگر پر وقار پروگرام میں شرکت کرکے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے ہندوارہ اور کپوارہ کے شہداء کو انکی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا کہ شہداء کے مشن کی کامیابی کیلئے تحریک میں ہر سطح پر خود احتسابی کا عمل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اب یہ قیادت کی ذمہ داری ہے کہ قربانیوں کو ثمر بار بناتے ہوئے انسانی زندگیوں کو ہونے والے نقصان کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلند بانگ دعویداری کو یکطرف چھوڑ کر دیکھا جائے تو اس بات کو ماننا ہی پڑے گا کہ قیادت شہداء کے لواحقین کا خیال رکھنے میں ناکام ہوئی ہے یہاں تک کہ بیشتر شہداء کے لواحقین کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا ’’ شہداء کی قربانیوں کو ید رکھنا ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے لیکن جب تک ہم ایک باضابطہ نظام بنا کر ورثائِ شہداء کے مسائل کا حل یقینی نہ بنائیں ،شہداء کو خراج عقیدت پہنچے گا اور نہ ہی ہم کچھ حاصل کرسکتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں رواں جدوجہد کسی خاص سیاسی سوچ کی تخلیق نہیں ہے بلکہ یہ ایک عوامی تحریک ہے جس میں ہر شخص کی اعتباریت،جذبات،مستقبل اور عزت نفس داؤ پر ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری قوم، یہ سمجھتے ہوئے کہ اسکی لڑائی بہت بڑی ہے ،قیادت کو انا چھوڑ کر سرجوڑ کر بیٹھنے پر مجبور نہ کرے تب تک اسکے حصے میں فقط ناکامی ہی آسکتی ہے۔