سرینگر//حریت (ع) کے چیرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمدعمر فاروق نے رمضان المقدس کے عشرہ مغفرت میں وعظ و تبلیغ کی مجالس کے سلسلے میں مسجد شریف لکھری پورہ نوشہرہ سرینگر میں نماز عصر سے قبل ایک بڑے دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبار ک میں محض کھانے پینا چھوڑ دینے سے اس مقدس مہینے کے لوازمات پورے نہیں ہوسکتے بلکہ ان تمام کاموں سے اجتناب ضروری ہے جو غلط کاموں کے زمرے میں آتے ہوں اور جن سے روزہ کے ٹوٹ جانے کے خدشات لاحق ہوں۔انہوں نے رمضان المبارک کے مہینے کو نیکیوں کی بہار کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں اس مہینے میں ہم سب کی کوشش رہتی ہے کہ سماج کے بے سہارا اور مستحق افراد کی کماحقہ مدد کریں وہیں ہزاروں کی تعداد میں بیوائیں اور یتیم بچے جو رواں تحریک کے دوران اپنے سرپرستوں کے کھو چکے ہیں ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقدس رمضان کی کئی نمایاں خصوصیات میں سے اس مہینے میں قرآن مجید کا نزول ہے اور خود قرآن مجید میں رمضان المبارک کے روزوں کو تقویٰ اور پرہیزگاری کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے اور حصول تقویٰ کیلئے محض ظاہری طور کھانے پینے اور دیگر مبطلات روزہ کے ساتھ ساتھ ان قبیح اعمال سے بھی گریز ضروری ہے جو انسان اپنے اعضا و جوارع سے جیسے ہاتھ ،زبان ،آنکھ وغیرہ سے انجام دینے کی صلاحیت رکھتاہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ایک روزہ دار جس طرح خود کو اللہ تعالیٰ کے حکم کا پابند بن کر برائیوں اور برے اعمال سے اجتناب برتنے کی کوشش کرتا ہے اور یہی عمل سال بھر چلنے سے بلا شبہ ایک نیک اوربرائیوں اور آلائشوں سے پاک معاشرہ وجود میں آسکتا ہے جو ہم سب کی دنیاوی اور اخروی فلاح کا ضامن بن سکتا ہے۔