سرینگر// لبریشن فرنٹ ،پیپلز پولیٹکل فرنٹ،پیپلز پولٹیکل پارٹی ، ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ، پیپلز لیگ انجمن حمایت الاسلام صدر مولانا خورشید احمد قانونگو وسرپرست مولانا شوکت حسین کینگ اور جمعیت ہمدانیہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں تحریک آزادی عظیم نفوس کی قربانیوں سے مزین ہے،اسلئے اس کو شکست دینا ناممکن ہے۔ لبریشن فرنٹ نے دونوں قائدین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرواعظ مولانا محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی جدوجہد و قربانی کو کوئی بھی کشمیری پس پشت نہیں ڈال سکتا۔موصولہ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے میرواعظ مولانا محمد فاروق کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بہترین عالم،اعلیٰ پایہ کے مقرر اور مدبّرسیاست دان تھے جنہوں نے تاریخ کے مختلف ادوار میں اپنی کاوشوں سے کشمیر مسئلے کو زندہ رکھا اور اپنی گوناگوں صلاحیتوں سے کشمیریوں کی ہر سطح پر قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ ایک پرخلوص قائد اور حلیم الطبع انسان تھے جن کی کمی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔یاسین ملک نے میرواعظ اور انکے خانوادے کی دینی،سیاسی،سماجی اور تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خانوادے نے زندگی کے جملہ شعبہ جات میں کشمیریوں کی راہنمائی کی اور اپنی صلاحیتوں اور کاوشوں کے بل پر تاریخ جموں کشمیر پر ان مٹ نقوش رقم کئے ۔فرنٹ چیئرمین نے خواجہ عبدالغنی لون کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کشمیر کے زیرک سیاستدان،مدبر اور ماہر قانون تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ قائد تھے جنہوں نے تاریخ کے ہر دور میں مردانہ وار حالات کا مقابلہ کیا اور مسئلہ جموں کشمیر کو حل کرنے کی کاوشیں کیں۔مرحوم کے ساتھ اپنی ذاتی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے ملک نے کہا ” 1988 میں جب ہم نے تحریک آزادی کے نئے دور کا آغاز کیا تو خواجہ عبدالغنی لون اُن چند کشمیریوں میں سے تھے جو عملاً ہماری اُس عوامی تحریک کا حصہ بنے“۔ملک نے کہا کہ مرحوم نے لبریشن فرنٹ کو جس طرح مدد و اعانت سے نوازا ہے اُسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یاسین ملک نے کہا کہ دونوں قائدین اتحاد و اتفاق کے قائل اور داعی تھے اور آج جب کہ ہم انہیں یاد کررہے ہیں ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ مزاحمت جاری رکھنی چاہئے ۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیردورانِ جدوجہدِ آزادی اپنی مظلوم قوم کی بڑی دلیری اور بیباکی سے رہنمائی کی اور دینی و سماجی سطح پر بے شمارکارہائے نمایاں انجام دیکر اپنے عوام کی خدمت کی،جس کیلئے تاریخ اور اپنی قوم انہیں تا دیر یاد رکھے گی ۔پیپلز پولٹیکل پارٹی چیئرمین ہلال احمد وار نے دونوں قائدین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کیلئے اپنی جانوں کو نچھاور کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو کبھی بھی ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے ایک دھڑے کے چیئرمین فردوس احمد شاہ اور پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہتر خراج پیش کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ’ ہم باہمی اور سطحی اختلافات سے اوپر اٹھ کر منظم جدو جہد کریں‘۔ جمعےت ہمدانےہ کے سربراہ مولانا رےاض احمد ہمدانی نے مولوی محمد فاروق کو خراج عقےدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے اشاعت ِاسلام کیلئے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ موصولہ بیان کے مطابق مرحوم نے ملی اتحاد کیلئے زندگی بھر کوشش کی اور مسلمانوں کو قرآن اور حدےث کی تعلےم کی طرف راغب کرنے مےں کوئی دقےقہ فروگذاشت نہ کےا ۔مولانا خورشید احمد قانونگو نے میرواعظ محمد فاروق کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی دینی وملی خدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔