سرینگر//جموں کشمیر سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن نے رواں برس کے دوران ستمبر کے آخر تک 8.85 لاکھ مکعب فُٹ لکڑی صارفین کو فروخت کر کے 55.42 کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے ۔ یہ جانکاری کل ایک میٹنگ کے دوران جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد کو دی گئی ۔ ایس ایف سی کے حکام نے وزیر موصوف کو کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ میٹنگ میں کارپوریشن سے جُڑے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے سال 2017-18 کے دوران کشمیر صوبے میں 10902 صارفین نے عمارتی لکڑی کی سیل سے استفادہ کیا ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ 4.95 لاکھ مکعب فُٹ لکڑی ذخیرہ کی گئی ہے جبکہ 4.25 لاکھ مکعب فُٹ لکڑی فروخت کی گئی ہے ۔ وزیر نے ملازمین کو لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کارپوریشن کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کو حاصل کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے عمارتی لکڑی کی تقسیم کاری کے عمل میں آسانی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ میٹنگ میں ایس ایف سی کے تمام چیف جنرل منیجر اور ڈویژنل منیجر صاحبان موجود تھے ۔