گاندربل//سرکاری ڈائری فارم رنبیر باغ میں دوران شب پراسرار آگ کی واردات میں 17 مویشی زندہ جل گئے،جن میں 16گائیں اور ایک بیل شامل ہے۔ رنبیر باغ تحصیل لار میں قائم گورنمنٹ لائیو سٹاک ڈیولپمنٹ بورڈ کشمیر نام سے ڈائری فارم کے گاؤخانہ میںرات کے ایک بجے آگ نمودار ہوئی جس نے آنا فاناً پورے گاؤخانہ کو لپیٹ میں لے لیا ۔جس وقت آگ نمودار ہوئی اس وقت گاؤخانے میں 10 گائیں ،6 بچھڑے اور ایک بیل موجود تھا جو اس ہولناک آگ میں زندہ جل گئے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ بہت تیزی سے پھیل گئی اور آگ کی لپٹیں دور دور سے دکھائی دے رہی تھیں۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 5/2018 درج کرلیا ہے۔
ڈورو میں دکان خاکستر
عارف بلوچ
ڈورو//ڈورو میں آگ کی ایک واردات میں محمد اشرف سہہ کی’ نیو لکی فٹ ویر‘ نامی دکان جمعرات کی شام خاکستر ہوگئی ۔اگر چہ مقامی لوگوں نے فائر سروس عملہ کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم بھیانک آگ کے سبب دکان میں موجود لاکھوں روپئے کا سازوسامان جل کر خاکستر ہوا ۔آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔