عاصف بٹ
کشتواڑ//جہاں ملک کی دیگر ریاستوں میں تہواروںپرقیمتوں میں کمی کی جاتی ہے لیکن ہربار کی طرح اس بار بھی جموں کشمیر میںقیمتوں میں کمی کے بجاے ان میں مزید اضافہ کرد یاگیا اور انتظامیہ بے بس تماشائی بنی ہوئی ہے ۔سبزی، پھل و مرغ مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں اور اس مہنگائی نے غریب عوام کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔چندروز قبل تک قیمتوںمیں نمایاں کمی تھی تاہم اچانک سے قیمتوںمیں اضافہ دیکھنے کو مل رہاہے۔ایک مقامی شخص یاسین احمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جہاں سبزی فروش من مانی قیمتیںوصول کرتے ہیں وہیں مرغ فروش بھی کہیں کم نہیں ہیں۔انکاکہناتھا کہ ٹماٹر ، پیاز، فراشبین ، ساگ ، بنڈی، مٹر ، کھیرا و دیگر سبزوں کی قیمتوںمیںاچانک دوگنا اضافہ ہوا جبکہ پھلوںکی قیمتیںبھی آسمان چھونے لگیں اورمرغ 230روپے فی کلو سے بڑھکر 260فی کلو ہوگیا ہے۔مقامی دوکاندار ارشاد احمدنےکہا کہ سبزی و مرغ فروشوںنے ضروری اشیا کی قیمتوں کو پہلے سے کہیں زیادہ بڑھا دیا ہے جس کی وجہ سے دوکاندار اضافی قیمتوں پر بیچنے پر مجبور ہیں ۔ اگر چہ انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹ چیکنگ عمل میں لائی جانی چاہئے تھی اور قیمتوں کو مقرر کیا جانا چاہیئے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا اورانتظامیہ کے دعوے صرف بیان بازی تک ہی محدودہیں جبکہ زمینی سطح پر قیمتوںمیں اضافہ پر کوئی اقدام نہیں کیاجاریا ہے ۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اس پر ٹھوس اقدامات اٹھائے اور مارکیٹ چیکنگ کا عمل تیز کرے تاکہ عوام کو مہنگائی سے راحت مل سکے۔