جموں//ایس اوایس انٹرنیشنل نے 22اکتوبرکویوم سیاہ کے طورپرمنایا ۔اس سلسلے میں مہیش پورہ چوک جموں میں منعقدہ تقریب کے دوران 1947 کے مہلوک پی اوکے رفیوجیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعہ پر رفیوجیوں نے کہاکہ ان کے بزرگوں کو 22 اکتوبر 1947 کے روز تہہ تیغ کیاتھا۔۔ اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے ایس اوایس کے چیئرمین راجیوچنی نے کہاکہ 1947 کے پرآشوب حالات میں سرحدپارسے ہزاروں مہاجرین ریاست میں آئے لیکن یہاں آکر پی اوکے مہاجروں کوسخت پریشانیاں آئیں اورچھ دہائیاں گذرنے کے باوجود سہولیات اورحقوق سے محروم پی اوکے مہاجرین کسمپرسی کی زندگی گذاررہی جس کیلئے ریاست کی حکومتیں ذمہ دارہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے سیاستدانوں نے پی اوکے رفیوجیوں کوووٹ بنک کے طورپراستعمال توکیالیکن ان کے مسائل کوسنجیدگی سے نہیں لیا۔انہوں نے کہاکہ مہاجرین کے مسائل حل کرنے اورریلیف پیکیج دینے کے سلسلے میں حکومت کوئی دلچسپی نہیں دکھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی کسی بھی حکومت نے پی اوکے رفیوجیوں کے مسائل اورمطالبات کی طرف خاطرخواہ توجہ نہ دی جس کے سبب پی اوکے مہاجرین آج تک کسمپرسی کی زندگی گذارنے پرمجبورہیں۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رفیوجی لیڈران نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے اچھے دن لانے کاوعدہ کیاتھالیکن اب تک مودی کی قیادت والی حکومت پی اوکے رفیوجیوں کے اچھے دن لانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھاانتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ممبرپارلیمنٹ جگل کشورشرمانے وعدہ کیاتھاکہ اگربھاجپا ریاست میں برسراقتدارآئی تو رفیوجیوں کے مطالبات کوتسلیم کیاجائے گالیکن ان کایہ وعدہ اقتدارمیں آنے کے ایک سال بعدبھی پورانہیں ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ پی اوکے رفیوجیوں کی طویل جدوجہدکے بعد 2014 میں نیشنل کانفرنس۔کانگریس حکومت نے پی اوکے رفیوجیوںکیلئے 25لاکھ روپے فی کنبہ مالی امداد، روزگارپیکیج، ملک اورریاست کے پیشہ وارانہ اورٹیکنکل کالجوں کے داخلے میں ریزرویشن دینے کاایک ریزولیوشن پاس کرکے بوساطت کمشنر سیکریٹری ریونیو زیرلیٹرنمبر،Re v/Rehab/08/2011، مورخہ20.10.214 مرکزی حکومت کوارسال کیاتھالیکن مرکزی حکومت نے اسے واپس بھیج دیاتھا، مہاجرلیڈران نے کہاکہ 7نومبر2015 کو وزیراعظم نریندرمودی نے 80ہزارکروڑروپے کا امدادی پیکیج ریاست کودینے کااعلان کیاتھالیکن پی اورفیوجیوں کیلئے ریاستی اسمبلی کی طرف سے مجوزہ 9096کروڑکے پیکیج کے بجائے محض2000 کروڑروپے کے پیکیج کااعلان کیاگیاجس سے پی اوکے رفیوجیوں کی امیدیں بڑھ گئیں۔مقررین نے کہاکہ مرکزی حکومت کااعلان کردہ پیکیج پی اوکے رفیوجیوں کی توقعات کے خلاف اورناکافی ہے۔احتجاج کررہے پی اوکے رفیوجیوں نے ریاستی وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت سے پی اوکے رفیوجیوں کیلئے ریاستی اسمبلی کے ریزولیوشن کے مطابق امدادی پیکیج اوردیگرمطالبات کومنظورکرنے اوران کے مسائل کاسدباب کرانے کیلئے سفارش کریں۔اس موقعہ پر روشن ملہوترہ، ادتیہ ہنس، کیول رام، شاردہ دیوی، اوپی کھجوریہ، اوپی سودن، ترویندرسنگھ، ست پال لکھا، راجندرسنگھ، ماسٹربودھراج ،تلک راج سیٹھی، اشونی بخشی، کیپٹن رویندر کماراورپرمودگئی نے بھی خطاب کیا۔