بارہمولہ//جنوبی کشمیر کے بعد شمالی کشمیر کے رفیع آباد بارہمولہ میں فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان خونین جھڑپ میں2غیر ملکی جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔بدھ کے روز ایک خونین جھڑپ کے دوران 2غیر ملکی جنگجو جاں بحق ہوئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس ، ٹاسک فورس ، فورسز اور فوج کے اہلکاروں نے علاقہ رفیع آباد کے درسو گائوں کو محاصرے میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ اس گائوں میں کچھ جنگجو چھپے بیٹھے ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جونہی سیکورٹی اہلکار وں نے پورے علاقے کو اچانک محاصرے میں لیکر ایک مخصوص رہائشی مکان کی جانب پیش قدمی شروع کی تو اس میں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جوابی کاروائی کے لئے سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور مورچہ بندی کی ۔ ایس پی سوپور ہرمیت سنگھ نے بتایا کہ درسو رفیع آباد میں جنگجوئوں کے موجود ہونے کی اطلاع ملتے ہی ریاستی پولیس ، ٹاسک فورس ، فورسز اور فوج نے مشترکہ جنگجو مخالف آپریشن عمل میں لایا اور اس دوران جنگجوئوں کوللکارا گیا،جس کے دوران انہوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران طرفین میںہوئی جھڑپ میں2جنگجو مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی جنگجوئوں کی شناخت نہیں ہو ئی ہے تاہم یہ غیر ملکی ہیں ۔