عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ//شمالی کشمیر کے محکمہ تعمیرات عامہ نے رفیع آباد (وترگام) ڈویژن کے جونیئر انجینئر ریاض احمد بٹ کو جموں و کشمیر سول سروسز رولز 1956 کے قاعدہ 31(2) کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ایک حکم کے مطابق، معطلی غیر متعینہ الزامات میں زیر التوا انکوائری کے بعد ہوئی۔اس مدت کے دوران، انجینئر سپرنٹنڈنگ انجینئر، پی ڈبلیو ڈی آر اینڈ بی سرکل، بارہمولہ کے دفتر سے منسلک رہے گا۔ادھر انسداد بدعنوانی بیورو(اے سی بی) نے ہفتہ کے روز کہا کہ حلقہ ہمچی پورہ، بڈگام کے ایک پٹواری کو 2000 روپے رشوت مانگنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ پٹواری حلقہ ہمچی پورہ، بڈگام طاہر جان ملہ، عالم ناگ کھاگ، بڈگام میں واقع اراضی کے میوٹیشن(انتقال) کرنے کے لیے 2000 روپے رشوت مانگ رہے ہیں۔ ملزم سرکاری ملازم کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی۔شکایت موصول ہونے پرمقدمہ ایف آئی آر نمبر 14/2025 کے تحت درج کیا گیا ۔تفتیش کے دوران ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھایا اور ملزم سرکاری ملازم طاہر جان ملہ ساکن سبدن بڈگام کو شکایت کنندہ سے 2,000 روپے رشوت کی رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔