سرینگر// اتوار کوپائین شہر سمیت جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میںہڑتال اور سنگباری کے واقعات رونما ہوئے۔ پائین شہر کے رعناواری علاقے میں زندہ شاہ مسجد کے نزدیک اتوار سہ پہر کو سی آر پی ایف کی ایک ٹرک پر پیٹرول بم داغا گیا ،جس کی وجہ سے ٹرک میں آگ لگ گئی۔اس موقعہ پر گاڑی میں سوار فورسز اہلکاروں نے گاڑیوں سے کود کر محفوط مقامات پر پناہ لی۔عینی شاہدین کے مطابق بعد میں علاقے میں سنگباری بھی ہوئی اور مشتعل نوجوانوں نے فورسز اور پولیس پر پتھرائو کیا۔نوہٹہ میں اتوار کو قریب5بجے نوجوان سڑکوں پر نمودار ہوئے اور پولیس اور فورسز اہلکاروں پر سنگباری کی جبکہ فورسز نے بھی جوابی سنگبازی کی۔کچھ وقفہ کیلئے طرفین مین یہ سلسلہ جاری رہا جس کے بعد نوجوان منتشر ہوئے۔ ادھر ترال میں فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان خونین معرکہ آرائی کے پیش نظر اتوار کو جنوبی کشمیر میں ہڑتال رہی اور سنگباری کے واقعات پیش آئے۔ شوکت ڈار کے مطابق پلوامہ میں مکمل ہڑتال رہی جس کے دوران ہر قسم کی آمد رفت معطل رہی۔دکانیں اور کاروباری و تجارتی ادارے بند رہے اور ٹریفک کی نقل و حرکت معطل رہی۔شام کے وقت مورن چوک میں پتھرائو کیا گیا۔شوپیان میں بھی مکمل ہڑتال رہی۔ قصبے میں سنیچر کی شام پتھرائو ہوا تھا۔ادھرملک عبدالسلام کے مطابق ترال میں2جنگجوئوں کے جان بحق ہونے کی مناسبت سے ضلع کے بجبہاڑہ،آروانی،سنگم اور لالچوک اسلام آباد میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ کے پی روڑ پر بھی جزوی ہڑتال دیکھنے کو ملی جس کی وجہ سے ان علاقوں میںکاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ سنگم،کے پی روڑ اور بجبہاڑہ میں فورسز اور پولیس پر سنگباری بھی کی گئی ۔ بجبہاڑہ میں ہڑتال کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں بھی پتھرائو کیا گیا جس کے دوران نصف درجن گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ضلع میں اگر چہ مجموعی طور پر حالات خوشگوار تھے تاہم تنائو کا ماحول پیدا ہوا تھا۔