سرینگر//شہر خاص کے رعناواری علاقے میں زمین دھنسنے کے سبب عام لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میرک شاہ روڑ(ڈلگیٹ۔درگاہ حضرتبل روڑ) پر وکٹری کراسنگ سے لیکر کاٹھی دروازہ چوک تک متعدد مقاما ت پر سڑک دھنس چکی ہے ،جسکی وجہ سے یہاں ہمہ وقت سڑک حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ علاقہ میں منگل کی شام اُس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب سورہ ٹینگ چوک میںاچانک سڑک دھنس گئی ۔لوگوں کے مطابق سورہ ٹینگ چوک یا رعناواری چوک میں سڑک کے بیچ وبیچ زمین دھنس جانے کے نتیجے میں ایک گہرا کھڈپڑ گیا ۔اس سے قبل زندہ مسجد کے قریب سڑک کے دونوں اطراف زمین دھنس گئی تھی جسکی وجہ سے میرک شاہ روڑ (ڈلگیٹ ۔درگاہ حضرت بل روڑ ) پر سفر کرنا دشوار بن گیا تھا ۔اگرچہ یہاں سڑک کے بیچ وبیچ پڑے کھڈوں کو بعد ازاں بھر دیا گیا تھاتاہم اس روڑ پر زمین دھنسنے کے واقعات معمول بنتا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق میرک شاہ روڑ کا اگر صحیح طریقے سے جائزہ لیا جائے ،تو وکٹری کراسنگ خانیار سے لیکر کاٹھی دروازہ چوک متعدد مقامات پر سڑک دھنس چکی ہے اور ناہموار سڑک کے نتیجے میں یہاں ہمہ وقت سڑک حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ ارضیات کے حکام نے علاقے کا دورہ کیا اور مٹی کی جانچ بھی کی لیکن ابھی عوامی خدشات اور تشویش دور نہ ہوسکی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ محکمہ ارضیات کے ماہرین علاقے کا سنجیدگی کے ساتھ دورہ کریں اور مٹی کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کرکے زمین دھنسنے کے وجوہات کا پتہ لگائیں اور اس کا سدب باب کرکے لوگوں کی تشویش کو دور کریں ۔