سرینگر//سکندر پورہ رعناواری میں زمین دھسنے کے نتیجے میں 3 رہائشی مکانوں میں شگاف پڑ گئے جس کی وجہ سے مکین خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں ۔ علاقے میں اچانک زمین دھنسنے کا سلسلہ شروع ہوگیا جس نے 3 رہائشی مکانوں کو اپنی زدمیں لیا ۔ لوگوں کا کہنا کہ اچانک زمین دھنسنے کے ساتھ ہی مکانوں میں شگاف پڑنے شروع ہوگئے جس کی وجہ سے خوف و ہراس کے عالم میںلوگ گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگ نکلے ۔ ظہور احمد درزی نامی شہری نے بتایا کہ زمین دھنسنے کے اس واقعے کے نتیجے میں 3 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ۔جن مکینوں کے رہائشی مکانوں کو زمین دھنسنے کے نتیجے میں نقصان پہنچا ان میں ظہور احمد درزی ولد مرحوم غلام محمد درزی ، محمد یعقوب درزی ولد غلام حسن درزی اور شبیر احمد درزی ولد غلام محمد درزی ساکنان سکندر پورہ رعنا واری شال ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قبل بھی علاقے میں زمین دھنسنے کے واقعات رونماء ہوئے ہیں لیکن ابھی تک سرکار کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں زمین دھنسنے کے حوالے سے مٹی کے نمونے حاصل کئے گئے لیکن اس کے بعد کس طرح کے اقدامات اٹھائے گئے وہ اس سے لاعلم ہیں ۔